اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ بجٹ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ فوری طور پر مشاورت کے عمل کا آغاز کرے تا کہ بجٹ کو کاروبار دوست اور پالیسیوں کو قابل عمل بنایا جا سکے۔تاجر پاکستان کی معیشت کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈر ہیں،پالیسوں پر بہتر انداز میں عمل درآمد کیلئے مشاورتی عمل میں شمولیت ناگزیر ہے۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ بلند شرح کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے اور تاجر برادری کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ لہٰذا حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت تاجر رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے، ان کے مسائل کو کم کرنے کے لیے ان کی تجاویز کو بجٹ دستاویز میں شامل کرے جس کے نتیجے میں عوام کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق اس مسئلے پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے گی اور تاجر برادری اور عام آدمی کے بہترین مفاد میں طویل المدتی پالیسیاں مرتب کرے گی۔
بجٹ کی تیاری، حکومت بزنس کمیونٹی سے مشاورت کرے، احسن ظفر بختاوری
Mar 17, 2024