سعودی عرب میں مسجد الحرام میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ اردو نیوز کے مطابق ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے ماہ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مسجد الحرام میں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند پورٹل پر اپنے کوائف رجسٹرکراسکتے ہیں۔
اعتکاف کے لیے مقررہ تعداد مکمل ہونے تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔ مقررہ تعداد مکمل ہوتے ہی ویب سائٹ اور پورٹل بند کردیا جائے گا بعدازاں جن درخواست گزاروں کو اعتکاف کی اجازت دی جائے گی انہیں مخصوص پرمٹ جاری کیا جائے گا۔حرمین انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے عمر کی کم از کم حد 18 برس مقرر کی گئی ہے۔ اعتکاف کے لیے 20 رمضان کو مسجد الحرام یا مسجد نبوی میں بیٹھ سکیں گے۔واضح رہے حرمین شریفین میں معتکفین کےلیے جملہ سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ہر معتکف کو خصوصی کارڈ جاری کیا جاتا ہے جبکہ ایک مخصوص لاکر بھی انہیں فراہم کیا جاتا ہے جس میں وہ اپنی ضروری اشیا رکھ سکتے ہیں۔