شمالی وزیرستان میں شہید فوجی افسران کی نمازِ جنازہ چکلالہ میں ادا

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی افسران لیفٹیننٹ کرنل سیّد کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی ہے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سیّد کاشف اور کیپٹن محمد احمد کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں صدرِ مملکت اور آرمی چیف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، حاضر سروس اعلیٰ عسکری و سول افسران بھی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل سیّد کاشف علی کراچی کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے 23سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔ شہداء کی نمازِ جنازہ میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔ ملک کے بہادر بیٹوں نے مادرِ وطن کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔

ای پیپر دی نیشن