پاک افغان وزرائے خارجہ کا رابطہ، انسدادِ دہشت گردی پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران دونوں ممالک نے انسدادِ دہشت گردی سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون پر اتفاق کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ، انسدادِ دہشت گردی اور تجارت سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی کال پر خوشی کا اظہار کیا۔

ٹوئٹر پیغام میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ قریبی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، مواصلات، سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور عوامی روابط پاکستان کی ترجیح ہوں گے۔ ٹیلیفونک رابطے کے دوران افغان وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد بھی دی۔

 قبل ازیں پاکستان اور افغانستان کے مابین سرحد ”حق دو گوادر کو تحریک“ کے دھرنے سمیت دیگر وجوہات کے باعث بند رہی اور گزشتہ کچھ ماہ میں سرحد پار سے دہشت گردی کے واقعات کے پیشِ نظر سرحدی راستے بھی بند رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے اقتدار سنبھالنے سے قبل سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں دہشت گردی کا ذمہ دار افغانستان کو قرار دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن