کراچی میں وفاقی وزرا رحمان ملک، راجہ پرویز اشرف اور قمرزمان کائرہ نے صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں لاہورہائیکورٹ سے صدر مملکت کے دوعہدوں سے متعلق نوٹسزکے اجرا اور وزیرداخلہ رحمان ملک کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں مسترد ہونے سمیت کئی اہم امور پرغورکیا گیا ۔ صدر مملکت نے وفاقی وزرا کو آئین وقانون کے مطابق لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے صدرمملکت کو متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کے حوالے سے اعتماد میں لیا جبکہ وفاقی وزیرراجہ پرویزاشرف نے کراچی میں بجلی کے بحران اور کے ای ایس سی کی کارکردگی پر صدر مملکت کوتفصیل سے آگاہ کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج سے متعلق بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنا دورہ کراچی مختصر کرکے عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پرغور کے لیئے پی پی رہنماؤں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے ۔