کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست اتارچڑھاؤرہا، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چودہ ہزارپوائنٹس کی سطح برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

May 17, 2012 | 20:00

سفیر یاؤ جنگ
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز مثبت ہوا لیکن شئیرزکی فروخت ہنڈریڈ انڈیکس کو ٹریڈنگ کے دوران چودہ ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے لے گئی تاہم کاروبار کے اختتام پر بینکس اور سیمنٹ اسٹاک میں نمایاں تیزی نے مارکیٹ کو چودہ ہزار پوائنٹس کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس اٹھارہ پوائنٹس کمی کے بعد چودہ ہزار تریسٹھ پوائنٹس پربند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم چودہ کروڑتیس لاکھ شئیرز تک محدود رہا حجم کے اعتبارسے پی ٹی سی ایل کے شئیرز میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ کاروبار کے اختتام تک ایک سو ستر کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ اور ایک سو چالیس کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی ہوئی۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد امریکہ سے ملنے والی امداد مارکیٹ کی پرفارمنس پربہتراثرڈال سکتی ہے۔ دوسری جانب لاہورسٹاک مارکیٹ میں آج تیزی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس پندرہ پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار چھ سو اکتالیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں پچانوے کمپنیوں کے بیس لاکھ چوراسی ہزار چھ سو نوے حصص کا کاروبار ہوا۔ ستائیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، پندرہ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ تریپن کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔
مزیدخبریں