لاہور(این این آئی)پاکستان سکھ گورد وارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار شام سنگھ نے کہا ہے کہ ویزہ پالیسی بارے بھارتی اخبارات میں جو خبریں شائع ہوئی ہیںو ہ جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی ہیں، بھارت شرومنی گورد وار ہ پر بندھک کمیٹی کے عہدیداراپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈا کے ذریعے بھارتی عوام اور میڈیا کو گمراہ کر رہے ہیں۔ شرومنی کمیٹی یاتریوں کے سفری دورے سے دو دن پہلے کاغذات لے کر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی سکھ جتھوں کی طرف سے1560ویزہ درخواستیں جمع کروائی گئیں پھر بھی پاکستان ہائی کمیشن نے دن رات محنت کر کے ہنگامی بنیادوں پر 1321 ویزے جاری کیے ۔ہر سال بیساکھی کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں جن کے بہترین سواگت کیا جاتا ہے ، یاتری ہر لحاظ سے مطمئن ہو کرواپس جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یاتری واپس جاتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔