کشمیر کو سرد خانہ میں ڈال کر پاکستان میں کوئی حکومت زندہ نہیں رہ سکتی: صلاح الدین

May 17, 2013

لاہور (اے پی اے) متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے والی پاکستان کی کوئی حکومت بر سر اقتدار نہیں رہ پائے گی۔انہوں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ کشمیریوں کو داﺅ پر لگا کر پاکستان ہندوستان سے دوستی کرنے کی غلطی بھی نہ کرے۔ سید صلاح الدین نے اسلام آباد سے ایک ہندوستانی انگریزی روزنامہ کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی حکومت خواہ وہ نواز شریف کی ہو یا کسی اور کی ہو اسی صورت میںبر سر اقتدار رہ سکتی ہے کہ وہ کشمیر کاز سے دامن نہ چھڑائیں۔صلاح الدین نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی پارٹی کی قیادت یہ یاد رکھے کہ جب تک کشمیر ہندوستان کے زیر تسلط رہے گا پاکستان کی قومی سلامتی ، اس کی سرحدوں کی سلامتی و حفاظت اور اس کی معیشت کا استحکام سب دآ پر لگا رہے گا۔واضح رہے کہ صلاح الدین کا یہ انتباہ اس بیان کی روشنی میں زیادہ سنسنی خیز لگ رہا ہے جس میں وزیر اعظم نامزد نواز شریف انتخابات سے پہلے اور بعد میں بارہا کہہ چکے ہیںکہ وہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کا سرا وہیں سے پکڑیں گے جہاں 1999میں اس وقت کے ہندوستانی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور انہوں نے چھوڑا تھا۔ نیز یہ بھی کہا تھا کہ اگر ڈاکٹر منموہن سنگھ ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں تو انہیں بڑی مسرت ہوگی۔

مزیدخبریں