لندن (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ عوام بنیادی سہولیات کیلئے ترس رہے ہیں اور عوام کو زندہ رہنے اور زندگی گزارنے کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان اور نائن زیرو پر تنظیمی خدمات انجام دینے والے مختلف شعبوں کے ذمہ داروں اور کارکنان سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے الطاف نے کہاکہ کسی بھی ملک کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے لازمی ہے کہ ملکی ترقی کے ثمرات ملک کے تمام عوام تک کسی امتیاز اورتفریق کے بغیر پہنچیں عوام کو زندہ رہنے اور زندگی گزارنے کے لازمی اجزاء دستیاب ہوں۔ جب عوام ہی بنیادی سہولیات سے محروم رہیں گے اور زندہ نہیں بچیں گے تو بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے کن شہریوں کے کام آئیں گے؟ روزگارکے ذرائع میسر نہ ہونے کے باعث غریب شہری اپنے بچوں کوایک وقت کا کھانا کھلانے سے بھی قاصر ہے تعلیمی مراکز کی عدم فراہمی کے باعث والدین اپنے معصوم بچوں کو مکینک، کارصاف کرنے یا محنت مزدوری حتیٰ کہ بھٹہ مزدوری جیسے کام کرانے تک پر مجبور ہیں۔ملک میں کہیں صحت کے مراکز موجود ہیں تو وہاں ڈاکٹرز دستیاب نہیں ہیں اور اگر ڈاکٹر بھی موجود ہیں تووہاں ادویات موجود نہیں عوام علاج و معالجہ کی سہولت سے محروم ہیں۔ وفاقی وصوبائی حکومتوں سے پُرزور اپیل کرتا ہوں کہ فی الحال ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس اور دیگر بڑے بڑے اہم سرکاری اداروں میں ناشتوں، ظہرانوں، عصرانوں اور عشائیوں کی دعوتوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ تمام وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سرکاری حکام کو پابند کیاجائے کہ وہ تاحکم ثانی ہوائی جہاز کی فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس میں سفرکرنے کے بجائے اکانومی کلاس میں سفرکریں۔ وفاقی اورصوبائی کابینہ کے چیف ایگزیکٹو سے گورنر تک سب عوام کو بجلی، گیس، پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جدوجہد میں مصروف ہوجائیں۔