لندن (بی بی سی) خیبر پی کے کے باچا خان ائرپورٹ سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا کاؤنٹر نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ درجنوں مسافروں کو بیرونی ممالک جانے سے روکا جا رہا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی سفارش پر گذشتہ سال پاکستان سے باہر سفر کرنے والے مسافروں پر پولیو کے قطرے پینے کو لازم کیا گیا تھا۔ باچا خان ائرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنچ میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے ایک ایسا ہی کاؤنٹر بنایا گیا تھا تاہم گذشتہ کچھ عرصہ سے یہ کاؤنٹر نامعلوم وجوہات کی بناء پر ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد باہر کے ممالک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ باچا خان ائرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب امیگریشن حکام کی جانب سے مسافروں کو پولیو کا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے جہازوں سے آف لوڈ نہ کیا جاتا ہو۔ محکمہ صحت پشاور کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ ایف آئی اے کے بعض اہل کار پولیو کے قطرے پلانے والے کارکنوں کو ائرپورٹ کی حدود میں آزادانہ طورپر کام کرنے سے روکتے رہے جس کی وجہ سے مجبوراً پولیو کاؤنٹر بند کردیا گیا۔
پشاور: باچا خان ائرپورٹ پر پولیو کائونٹر بند ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا
May 17, 2015