بجٹ میں کوئی نئی ڈیوٹی یا ٹیکس نہ لگایا جائے: لاہور چیمبر

May 17, 2015

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں کوئی نئی ڈیوٹی یا ٹیکس نہ لگایا جائے کیونکہ موجودہ حالات میں صنعت و تجارت اس کی متحمل نہیں ہوسکتی، اس کے علاوہ توانائی کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایک بیان میں سید محمود غزنوی نے کہا کہ بجلی و گیس کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت بڑے ڈیموں کی تعمیر اور تھرکول سے توانائی حاصل کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے لیے کم کُل بجٹ کے کم از کم دس فیصد کے مساوی رقم مختص کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے تھرمل ذرائع پر انحصار سے صنعتوں کی پیداواری لاگت اور درآمدی بل دونوں بڑھتے جارہے ہیںلہذا ہائیڈل بجلی کی پیداوار بڑھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول میں 185ارب ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں جن کے ذریعے سو سال تک ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو تیز رفتار معاشی نشوونما کے لیے بہت ضروری ہے۔ گذشتہ کچھ عرصہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی بہت تشویشناک ہے، سرمایہ کاری کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہذا حکومت نہ صرف غیر ملکی بلکہ مقامی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے اور وفاقی بجٹ میں مراعات کا اعلان کرے۔

مزیدخبریں