شادباغ کے علاقے الطاف پارک میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ نے ایک ہی خاندان کے چھے ستاروں کو ہمیشہ کے لیے تاریکی کے اندھیروں میں ڈبو دیا۔فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122کی نااہلی کے باعث آگ شدت اختیار کر گئی،ریسکیوں ٹیمیں آگ کی اطلاع کے پینتالیس منٹ بعد موقع پر پہنچیں جبکہ ریسکیو آپریشن شروع کرتے کرتے ڈیرھ گھنٹہ بیت چکا تھا-تین بچے موقع پر ہی جھلس گئے جبکہ تین بچے دم گُھٹنے کی وجہ سے سانسیں چھوڑ گئے، غم میں نڈھال لواحقین اور خصوصا ماں باپ خود پر قابو نہ رکھہ سکے۔بارہ سالہ مناہل، گیارہ سالہ زین علی،آٹھ سالہ دعا، پانچ سالہ انہا، ڈیڑھ سالہ جڑوا ں بھائی اذان اور اذہان اپنے پیاروں کو ہمیشہ کے لیے غمگین چھوڑ گئے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ رات ایک بجے آگ کی اطلاع دی، نااہل عملہ دفتر میں سو رہا تھا،ایک گھنٹہ تاخیر سے ٹیمیں آئیں اور آلات مکمل نہ ہونے اور ان کی نااہلی کی بدولت آگ زور پکڑ گئی۔
لاہور میں شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں موجود چھے ننھی کلیاں جل کر خاک ہو گئیں، ننھے پھولوں کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کیا گیا
لاہور کے علاقے کوٹ خواجہ سعید میں شارکٹ سرکٹ سے بھڑکنے والی آگ نے گھر میں موجود چھے بہن بھائیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔چار بچے تو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دو دم گھٹنے سے بے ہوش ہوئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ بھی چل بسے۔ ماں،باپ شب معراج کی مناسبت سے عبادت میں مصروف تھے، اِدھر آگ نے بچوں کو جلا کر رکھ دیا۔کمسن بچوں کی المناک موت نے اہل علاقہ پر سوگ کی کیفیت طاری کر دی۔بچوں کی نماز جنازہ شادباغ گراؤنڈ میں ادا کی گئی ۔ اس موقع پر ہر آنکھ پرنم تھی۔ ننھے پھولوں کو مقامی قبرستان میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
امدادی کاموں میں غفلت کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی: وزیراعظم
وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے آتشزدگی کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کے نوٹس کے بعد حکام نے کارروائی کا آغاز کر دیا ، نواز شریف نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی کاموں میں تاخیر پر ذمے داروں کیخلاف کارروائی ہو گی ،وزیراعظم نے متعلقہ اداروں سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی،جبکہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ آگ پر قابو پانے والے آلات اور دیگر سہولیات کو بہتر بنایا جائے،تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے، وزیر اعظم نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی متاثرہ فیملی کو صبر جمیل عطاء فرمائے ،صدر مملکت اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے،دوسری جانب وزیراعظم کے نوٹس کے بعد انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی، حکام نے کارروائی کرتے ہوئے فائربریگیڈ اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے دفاتر کا رکارڈ سیل کر دیا ،انتظامیہ کی جانب سے فون کالز ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے،جس سے امدادی کارروائیوں میں تاخیر کی اصل وجہ معلوم ہو گی-