لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے جلد حصول اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے تجارتی و کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو، ٹیکس وصول کرنے والی مشینری کے صوابدیدی اختیارات، ٹیکس بیس کی مضبوطی ، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کی واپسی اور ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم کرنے جیسے اقدامات اٹھانا بہت ضروری ہیں۔ وہ لاہور چیمبر میں مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک بڑے وفد سے خطاب کررہے تھے، وفد کی سربراہی اشرف بھٹی کررہے تھے جبکہ نائب صدر ناصر سعید، ظہیر بابر، نعیم بادشاہ، ارشد خان، ارشد اقبال، میاں سلیم، میاں طارق، وقار احمد میاں اور سابق نائب صدر ابوذر شاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کے مطابق متعلقہ ادارے لاہور چیمبر کی بجٹ تجاویز پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی مشاورت سے مزید بجٹ تجاویز حکومت کو بھجوائی جارہی ہیں۔