اسلام آباد (محمد فہیم انور/ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم محمد نوازشریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے مدلل خطاب کے بعد اپوزیشن کا ایوان سے واک آؤٹ کرنا پہلے سے طے شدہ تھا۔ اپوزیشن کی کیا حکمت عملی ہے یہ تو شائد ایک آدھ دن میں سامنے آئے تاہم اپوزیشن نے 20کروڑ عوام کے نمائندہ فورم میں وزیراعظم کے خلاف پانامہ لیکس پیپرز کے حوالے سے اب تک شوروغوغا کو منطقی انجام تک پہنچانے سے قبل ہی پسپائی اختیار کرلی‘سیاسی مبصرین کا کہنا تھا ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ اب اپوزیشن کی سیاست دم توڑ گئی ہے۔کیا اپوزیشن میں شامل وہ رہنما جو کڑے اور سخت احتساب سے خائف ہوگئے ہیں، نے حکومت کیخلاف احتجاج کی تحریک ختم کرنے کیلئے چپ سادھ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے؟اگر ایسا ہے تو اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے بائیکاٹ جاری رکھ کر قوم کا وقت اور قومی خزانے کا بھی ضیاع کیا ہے اور اسے اس کا حساب دینا ہوگا۔