کراچی (آئی این پی + نوائے وقت نیوز) قانون نافذ کرنے والے ادارے کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی، لیاری گینگ وار کے دو اور سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 6 افراد گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں ہوائی فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلانے والے نوجوان کو پولیس نے اسلحے سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے لیاری کے علاقے سنگولین میں کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار عزیز بلوچ کے دو کارندوں کوگرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا،ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔لیاقت آباد کے علاقے شریف آباد میں بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے چھاپہ مار کر سیاسی جماعت کے کارکن کو حراست میں لیا اور تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پی آئی بی میں پولیس کارروائی کے دوران مفرور منشیات فروش کو گرفتار کر کے چرس بر آمد کر لی۔ الفلا ح پولیس نے ایک مفرور ملزم محمد فیصل کو بھی دھر لیا۔ دریں اثناء پورٹ قاسم کے نزدیک جھاڑیوں سے دو افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس کے مطابق پورٹ قاسم سے ملنے والی نعشوں کی شناخت اسلم اور غلام محمد کے ناموں سے کرلی گئی ہے۔ مقتولین ٹھٹھہ کے رہائشی ہیں، دونوں افراد کام کے لئے کراچی آئے تھے، جبکہ مقتولین کے پاس موبائل فونز ، شناختی کارڈ اور دیگر قیمتی سامان موجود ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔