پنڈی بھٹیاں +چنیوٹ (نامہ نگاران) چنیوٹ روڈ پر آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے باعث معمر ڈرائیور زندہ جل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آئل ٹینکر نمبر LES/9273 جس میں تقریباً 60 ہزار لٹر پٹرول بھرا ہوا تھا 58 سالہ معمر ڈرائیور منیر احمد سکنہ مرید کے چلا رہا تھا۔ جب ٹینکر چنیوٹ سے پنڈی بھٹیاں جاتے ہوئے صالح حیات پٹرول پمپ نزد ٹبہ شاہ بہلول کی حدود میں پہنچا تو اچانک اس میں آگ بھڑک اُٹھی آگ کو دیکھتے ہی ڈرائیور نے ٹینکر سے چھلانگ لگا دی اور ٹینکر اُلٹ گیاآگ کے شعلے آسمان سے باتیں کر رہے تھے آگ نے ڈرائیور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا نعش ناقابل پہچان ہو گئی۔ ریسکیو 1122 فائر بریگیڈ چنیوٹ کا عملہ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے کاروائی شروع کر دی ۔ نعش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پہنچایا گیا ۔ بعدازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں کی ایمبولینس آئی اور چنیوٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال سے نعش کو اپنے ہمراہ لے گئی ان کا کہنا تھا کہ چونکہ حادثہ پنڈی بھٹیاں ضلع حافظ آبادکی حدود میں واقع ہوا ہے لہٰذا نعش کا پوسٹمارٹم بھی پنڈی بھٹیاں ہسپتال میں ہو گا۔بتایا گیا ہے کہ ٹینکر ملتان سے لاہور جا رہا تھا کہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔