لاہور/فیروزوالا ( نامہ نگاران) لاہور میں کئی وارداتیں، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پر ڈولفن فورس کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مزنگ بازارمیں چوروں نے سنار کی دکان سے ایک کروڑروپے مالیت کا سونا چوری کر لیا ہے، مقامی تا جرو ں نے علاقے میں بڑھتی ہو ئی واردتو ں پر پو لیس کے خلاف شدید احتجا ج کیا ہے ۔مزنگ مین بازارمیںچور امین کی گارمنٹس کی دکان کے تالے توڑ کر اندرداخل ہوگئے چورگارمنٹس کی دکان کے اندر سے دیوار توڑ کرملحقہ عثمان کی سنار کی دکان میں داخل ہو گئے چور اپنے ساتھ گیس کٹر بھی لائے تھے جس سے انہوں نے سنار کی دکان میں تجوری کاٹی اورایک کروڑ روپے مالیت کا دوسو تولے سونا اور 30 ہزارروپے کے انعامی بانڈزنکالے اور فرار ہو گئے ہیں۔ تاجر وں نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ہے پولیس نے دکان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی قبضے میں لے لی ہے جبکہ وہاں سے دو سکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ شفیق آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔شفیق آباد کے علاقہ مالی پورہ میں ڈولفن فورس کے اہلکار ہیوی بائیکس پر گشت کر رہے تھے انہوں نے موٹرسائیکل سواردو افراد کو رکنے کا اشارہ کیاجس پر موٹرسائیکل سوارڈاکوؤں نے ڈولفن فورس اہلکاروں پر اندھادھندفائرنگ کردی جس کی زد میں آکردو اہلکار مصطفی اور شہزادزخمی ہوگئے جبکہ ڈاکو فرار ہو گئے۔ طبی امدادکے لئے ہسپتال لے جایا گیاجہاں زخمی شہزاد کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ مصطفی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ڈاکوؤں نے شادباغ میں رضوان سے5 لاکھ روپے ،گلشن اقبال میں فہد سے2 لاکھ روپے اور موبائل،لیاقت آباد میں سلمان سے ایک لاکھ اور موٹرسائیکل،ہربنس پو رہ میں شبیر کی کریانہ شاپ سے ڈیڑھ لاکھ، گو المنڈی میں راحت سے 90ہزاراور موبائل،نولکھا میں موبائل فون کی فرنچائز سے 85ہزار،اقبال ٹائون میں ابرار کی بہن سے5 ہزاراور اے ٹی ایم کارڈ لوٹ لیا ہے چوروں نے کینٹ سے غفور،جوہر ٹاؤن سے فاروق کی کاریں جبکہ بادامی باغ سے احسان،سول لائن میں سفیان، مغلپو رہ میں نعمان،ملت پارک میں حفیظ،فیصل ٹائون میں حسین اور نشتر کالونی میں سے محمد علی کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔علاوہ ازیں فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر نوجوان کو زخمی کر دیا۔ ڈاکو زیورات، نقدی، موبائل اور گاڑی چھین کر لے گئے۔ فریاد علی اپنی بیوی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوؤں نے انہیں روک کر لوٹ لیا۔ زیورات، نقدی، موٹرسائیکل چھین لی۔ ڈاکوؤں نے انہیں خوفزدہ کرنے کے لئے فائرنگ کی، گولی اسے لگ جانے سے زخمی ہو گیا۔ ڈاکوؤں نے وقار احمد، اس کی بیوی کو روک کر لوٹ لیا۔ نقدی، زیورات چھین کر لے گئے۔ نامعلوم افراد نے شاہد کی موٹرسائیکل چوری کر لی۔