سرینگر: سرحدی گاؤں چرونڈا پر بچھی بارودی سرنگیں 71 کشمیریوں کی جان لے چکیں

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں کی وجہ سے اوڑی کے سرحدی گائوں چرونڈا میں اب تک 71 کشمیری جاں بحق اور متعدد عمر بھر کیلئے معذورہو چکے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انسانی حقوق کی مقامی تنظیم وائس آف وکٹمزنے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اوڑی کے گائوں چھرونڈاکنٹرول لائن کے بالکل قریب واقع ہے اور گائوں میںداخل ہونے سے پہلے لوگوں کو اپنے شناختی کارڈ بھارتی فوج کی چوکی پر جمع کرانا پڑتے ہیں اور اگر یہاں مقیم 252 کنبوں میں سے کسی کے ہاں کوئی مہمان آئے تو اسے بھی رجسٹریشن کرانی پڑتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گائوںکی مجموعی آبادی 1319 افراد پر مشتمل ہے لیکن ان میں سے بیشتر بارودی سرنگوں کے حادثات میں عمر بھر کیلئے معذورہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارودی سرنگوں کے دھماکوں سے 71 افرادجاںبحق ہو گئے ہیں ۔وائس آف وکٹمزنے بھارتی فوج کی طرف سے بارودی سرنگوںکی تنصیب کو اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی طرف سے جاری کئے گئے ہدایت نامہ کی صریحاً خلاف ورزی قراردیا۔

ای پیپر دی نیشن