پشاور + کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سے ذاتی نہیں‘ اس دھرتی کیلئے میچ ہے۔ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں زرداری نے کہا کہ اس دھرتی کیلئے کوئی ایک دن کا میچ نہیں ہوگا۔ مجھے خیبر پی کے میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔ تبدیلی آتے دیکھی ہو تو بتا دیں۔ امریکی اخبار میں میاں صاحب کے خلاف آرٹیکل شائع ہوا ہے۔ پہلے اس کا جواب دیں۔ حکومت یہ سال پورا کرے گی یا نہیں اللہ کو پتہ ہے۔ میں نے چین کے دورے زیادہ حکمرانوں نے کم کئے ہیں۔ پشتونوں نے مجھے بہت پیار دیا ہے۔ خیبر پی کے سے پرانا واسطہ ہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر نے اے پی ایس کے شہید بچوں کے والدین سے ملاقات کی۔ سابق صدر نے شہید بچوں کے والدین سے تعزیت کی۔ شہید بچوں کے ذکر پر آصف زرداری آبدیدہ ہو گئے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی‘ بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور ان سے نجات چاہتے ہیں۔ ہرنائی کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے جیالوں کو مایوس نہیں کرے گی بلکہ جیالوں کی قربانیوں کو مدنظر رکھ کر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔ بلاول کی زیرصدارت سندھ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں آصفہ بھٹو‘ نثار کھوڑو‘ منظور وسان‘ مراد علی شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ بلاول نے کہا کہ نئی تنظیموں‘ کارکنوں سے رابطہ بڑھائیں۔ جیالوں کو متحرک کریں۔ آئندہ انتخابات میں سندھ سے 90 فیصد نشستیں جیتیں گے۔ انتخابات 2018ء میں ملک بھر میں دمادم مست قلندر ہوگا۔