اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شیریں مزاری اور نعیم الحق کے غیر ذمہ دارانہ ٹویٹس انتہائی افسوسناک ہیں، تحریک انصاف عادت سے مجبور، تحقیق کئے بغیر بہتان تراشی شروع کر دیتی ہے، ان کا مقصد اداروں کے مابین تصادم ہے، تحریک انصاف غلط معلومات پر بیان بازی سے گریز کرے، اگر تحریک انصاف اپنے ترجمانوں کو حقائق پر مبنی ترجمانی نہیں سکھا سکتی تو وزارت اطلاعات ملکی مفاد کی خاطر یہ فریضہ بھی ادا کرنے کو تیار ہے، شاہ محمود قریشی ایک مدبر، ذمہ دار اور تجربہ کار رکن قومی اسمبلی ہیں، ان کا طارق فاطمی کے دورہ چین سے متعلق غلط اطلاع پر ایوان میں تقریر کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے بیان پر نظر ثانی کرتے ہوئے ایوان میں اپنا بیان واپس لیں گے، تعلیمی اصلاحات کا اہم جزو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے، تعلیم یافتہ، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی منزل قریب ہے، سی پیک منصوبہ خطہ کے عوام کیلئے وزیراعظم کی جانب سے تحفہ ہے، دور جدید کے تقاضوں کے مطابق انسانی وسائل کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں معیاری تعلیم کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اپنے ایک بیان اور ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔