پاکستان ابھرتی ہوئی معیشت‘ عوام کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں: نوازشریف

ہانگ ژو+ لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی فولاد سے مضبوط اور ہمالیہ سے بلند ہے اور دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا اہم منصوبہ ہے۔ ہانگ ژو میں وزیراعظم نوازشریف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے صوبائی سیکرٹری چی جون نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ژی جیانگ کے پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات ہیں جبکہ پاکستان اور چین عوام کی خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری سی پی سی کمیٹی چی جون نے وزیر اعظم نواز شریف کو ژی جیانگ صوبے کے تاریخی اور معاشی پس منظر پر بریفنگ دی۔ چی جون نے کہا پاک چین تعلقات عوامی سطح پر روابط میں تبدیل ہوگئے ہیں، دونوں ملکوں کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ وزیراعظم نے منگل کو معروف ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان نے ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروبار سے ملک کی عالمگیر برآمدات کے فروغ کیلئے علی بابا گروپ ہولڈنگز لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے کمپنی ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے دوران علی بابا گروپ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان معاہدے پر وزیر تجارت خرم دستگیر اور علی بابا گروپ کے صدر مائیکل ایونز اور علی بابا کی جانب سے سینئر نائب صدر گلوبل بزنس آف اینٹ فنانشل ڈوگلس فیاگن نے دستخط کئے۔ یادداشت کے تحت علی بابا، اینٹ فنانشل اور ٹی ڈی اے پی نے پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروباری اداروں کی جانب سے مصنوعات کی دنیا بھر میں برآمدات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ علی بابا کی طرف سے ایس ایم ایز کے لئے آن لائن اور آف لائن تربیتی پروگراموں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ ٹی ڈی اے پی ٹریننگ پروگراموں میں شرکت کے لئے موزوں ایس ایم ایز کی بھی نشاندہی کرے گا جبکہ علی بابا اس ضمن میں معاونت کے لئے ٹی ڈی اے پی کو صنعتی جائزہ بھی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ علی بابا، اینٹ فنانشل اور ٹی ڈی اے پی نے موبائل اور آن لائن ادائیگیوں جیسے شعبوں میں پاکستان میں مالیاتی خدمات کی نمو پر اتفاق کیا۔ فریقین نے پاکستان میں ایس ایم ایز کے آن لائن اور موبائل ای کامرس کاروبار میں معاونت کے لئے کلائوڈ کمپیوٹنگ سروسز اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں تربیتی اشتراک کار آئرن برادرز کو گولڈن برادرز میں تبدیل کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف دورے کے آخری مرحلے میں ہانگ کانگ پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کاروبار کو وسعت دینے اور عالمی منڈیوں تک پہنچنے کے لئے چھوٹے کاروبار کے لئے ڈیجیٹل لین دین ایک موثر ذریعہ ہے، پاکستان ابھرتی ہوئی معیشت اور عوام کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم چین کا چھ روزہ دورہ مکمل کرکے کل 18 مئی کو وطن واپس پہنچیں گے۔ 19مئی کو اسلام آباد سے لاہور آئیں گے اور اس سے اگلے روز 20 مئی کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوجائیں گے۔ سعودی عرب میں وزیراعظم نواز شریف اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مجوزہ ملاقات کی تیاریاں مکمل ہیں۔ یہ ملاقات 21 مئی کو متوقع ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان اور صدر امریکہ کے درمیان دراصل دو ملاقاتوں کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدرارتی انتخاب جیتنے کے بعد ٹرمپ اور نواز شریف کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی تھی جسے طرفین نے عمدہ قرار دیا تھا۔ باور کیا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی ملاقاتوں میں خطہ کی صورتحال، مشرق وسطیٰ اور افغانستان جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...