نئی دہلی (بی بی سی) بھارتی مسلمان نوجوان نے دنیا کا سب سے ہلکا سیٹلائٹ بنا لیا ہے۔ اس سیٹلائٹ کو امریکی خلائی ایجنسی ناسا اس سال جون میں مدار میں چھوڑے گی۔ رفعت شاہ رخ کے 64 گرام کے اس سیٹلائٹ کو ایک مقابلے میں منتخب کیا گیا ہے۔ اس مقابلے کے انعقاد میں ناسا کا بھی تعاون تھا۔ 18 سالہ رفعت نے بتایا کہ وہ اس کے ذریعے تھری ڈی پرنٹڈ کاربن کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی ایجاد مدار کے ذیلی حصے میں پرواز پر چار گھنٹے کے لیے جائے گی۔ اس دوران یہ ہلکا پھلکا سیٹلائٹ انتہائی کم قوت ثقل والے ماحول میں تقریباً 12 منٹ تک اپنا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا: ہم نے اسے پوری طرح سکریچ سے تیار کیا ہے۔ اس میں ایک نئے قسم کا کمپیوٹر ہوگا اور آٹھ دیسی قسم کے سینسر ہوں گے جو کہ رفتار، گردش اور زمین کی قوت ثقل کو ماپیں گے۔ اس سیٹلائٹ کا نام بھارت کے سابق مسلمان صدر اور سائنسدان اے پی جے عبدالکلام کے نام پر کلام سیٹ رکھا گیا ہے۔ رفعت کا تعلق ریاست تمل ناڈو کے ایک قصبے سے ہے اور اب وہ دارالحکومت چنائی میں قائم سپیس کڈز انڈیا کے رہنما سائنسدان کے طور پر کام کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ کلام سیٹ ان کی پہلی ایجاد نہیں۔ 15 سال کی عمر میں انہوں نے ملکی سطح کے ایک مقابلے کے لیے ہیلیم ویدر بیلون یا غبارہ بنایا تھا۔