اورنج ٹرین کی آزمائشی سروس:زرداری مداری ، شیرنے جھپٹا ماراتو تیراور بلانظرنہیں آئینگے :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ا ورنج لائن ٹرین کی بروقت تکمیل میں تاخیر کی ذمہ دار پی ٹی ہے۔ عوام الیکشن میں اورنج لائن میں تاخیر کا بدلہ لیں گے۔ نیازی صاحب کہتے ہیں کہ میں خطرناک ہوں، نیازی صاحب آگے آگے دیکھیں میں بتاؤں گا کتنا خطرناک ہوں۔ الیکشن کے بعد اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو بھاٹی سے ائرپورٹ تک بلیو لائن میٹروٹرین بنائیں گے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے ٹیسٹ رن کے افتتاح کے بعد لکشمی چوک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کو ٹرانسپورٹ کی آرام دہ، معیاری اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ عمران نیازی ورلڈ کپ اور شوکت خانم کا نعرہ لگا کر ووٹ مانگتے ہیں تو انہیں چاہئے تھا کہ وہ کے پی کے میں تعلیمی ادارے، ہسپتال اور یونیورسٹیاں بناتے لیکن انہوں نے تو کے پی کے کا بیڑا غرق کر دیا۔ عوام کے ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی پروگراموں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی- مسلم لیگ (ن) کی دشمنی میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی مخالفت کر کے عوام سے کھلی دشمنی کی۔ اب عوام نے ترقیاتی منصوبوں اور اورنج لائن ٹرین کے عوامی منصوبے میں تاخیر کا بدلہ ان سے لینا ہے اور 2018ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے جہاز کو ڈبونا ہے۔ سندھ کو برباد کرنے والے زرداری بھی مداری بن کر آرہے ہیں۔ بلاول ہاؤس اور بنی گالہ ہم پیالہ اور ہم نوالہ ہیں۔ یہ دونوں مل گئے ہیں، ایک پاس بلا اور ایک پاس تیر ہے۔ جب شیر نے جھپٹا مارنا ہے تو یہ نظر نہیں آئیں گے۔ مجھے کہتے ہیں کہ میں پل بناتا ہوں۔ نیازی صاحب ٹھیک ہے میں پل بناتا ہوں لیکن تم وہاں پل گراتے ہو۔ جب کے پی کے میں ڈینگی آتا ہے تو نتھیاگلی کے پہاڑوں پر چڑھ کر سو جاتے ہو۔ ہم نے پنجاب میں پل، سڑکیں، تعلیمی ادارے، ہسپتال بنائے ہیں۔ موقع ملا تو سندھ، بلوچستان اور کے پی کے میں بھی یہ منصوبے لگائیں گے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں پی ٹی آئی کی وجہ سے 22 ماہ کی تاخیر ہوئی لیکن یہ عوامی منصوبہ تاخیر کے باوجود تکمیل کے قریب ہے جس کی نیازی صاحب کو بے حد تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اورنج لائن میٹروٹرین میں پی ٹی آئی کی وجہ سے 22 ماہ کی تاخیر نہ ہوتی تو بلیولائن کے منصوبے پر بھی کام شروع ہو چکا ہوتا۔ اس نے منصوبوں میں تاخیر کر کے قوم کے بیٹے، بیٹیوں، بزرگوں، ماؤں اور بہنوں سے دشمنی کی ہے۔ زرداری کی پیپلز پارٹی نے سندھ جبکہ نیازی کی پی ٹی آئی نے کے پی کے کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ انشاء اللہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمہارا سیاسی بسترگول کریں گے اور تمہاری سیاست کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں غریب قوم کے 75 ارب روپے بچائے ہیں۔ نیب سے پوچھتا ہوں کہ وہ ہر چیز کا کھوج لگاتا ہے اور غیب کی چیزیں ڈھونڈنے کی کوشش کرتا ہے، وہ غریب قوم کے بچائے گئے 75 ارب روپے کی تعریف تو کر دے۔ اگر 70 یا 75 ارب روپے سے زیادہ نہ بچایا ہو تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا۔ میں عوامی آدمی ہوں اور عوام کے درمیان ہی رہتا ہوں۔ اورنج لائن میٹروٹرین کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی ہے اس پر بھی معافی چاہتا ہوں اور جن تاجر حضرات کا نقصان ہوا ہے آئندہ انتخابات میں موقع ملا تو کمیٹی بنا کر ان تاجروں کے نقصان کی تلافی کریں گے۔ قبل ازیں شہباز شریف نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح کیا۔ محمد شہباز شریف اسلام پارک کے سٹیشن سے میٹرو ٹرین پر سوار ہوئے۔ شہباز شریف نے آزمائشی سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہارکیا۔ لاہور کو سب سے پہلے میٹروٹرین سٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین ٹریک کی کل لمبائی 27.12کلومیٹرہے جس میں سے بالائے زمین25.4 کلو میٹرہے اور تاریخی مقامات کی حفاظت کے پیش نظر زیر زمین ٹریک کی طوالت (کٹ اینڈ کور) 1.72 کلومیٹر ہے اس کے 26 سٹیشن ہیں۔ 24 سٹیشن زمین سے 12 میٹرکی بلندی پر اور 2 سٹیشن زیرزمین ہیں۔ ٹرینوں کی تعداد 27 ہے اور ہر ٹرین میں 5 بوگیاں ہیں۔ شہباز شریف نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امت کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پھر مبارک مہینے کی روح پرور ساعتیں نصیب ہونے پر اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ رمضان المبارک کا مہینہ خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن