اصغرخان کیس:اسلم بیگ اوراسددرانی سے تحقیقاتی کمیٹی کے4 گھنٹے تک سوال وجوا ب

May 17, 2018

اسلام آباد (آئی این پی) ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی کمیٹی نے اصغر خان کیس کی تحقیقات شروع کر دی، سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیئے، تحقیقاتی کمیٹی نے اسلم بیگ اور اسد درانی سے 4 گھنٹے تک سوال و جواب کئے۔ کمیٹی سابق وزیراعظم نوازشریف، مہران بینک کے سابق صدر یونس حبیب، جاوید ہاشمی سمیت دیگر سیاستدانوں کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی، ڈی جی ایف آئی اے سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔ بدھ کو سپریم کورٹ کی ہدایت پر اصغر خان کیس کی تحقیقات کیلئے قائم ایف آئی اے افسروں پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا۔ کمیٹی کے سامنے سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی پیش ہوئے اور انہوں نے اپنا تفصیلی بیان ریکارڈ کرایا۔ دونوں سابق فوجی افسروں سے90کی دہائی میں سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق سوالات کئے گئے ۔ مرزا اسلم اور اسد درانی کو الگ الگ سوالنامے بجھوائے گئے تھے اور کمیٹی نے پہلے مرزا اسلم بیگ کا بیان ریکارڈ کیا جس کے بعد اسد درانی کا بیان ریکارڈ کیا گیا ۔ تحریری سوالنامے کے ساتھ ساتھ ضمنی سوالات بھی پوچھے گئے۔

مزیدخبریں