جکارتہ (سنہوا + اے پی پی + صباح نیوز) انڈونیشیا میں پولیس ہیڈکوارٹر پر حملے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔ 2اہلکار اور 2 صحافی زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا میں پولیس پر ایک اور حملہ ہوا ہے، ایک ہفتے کے دوران پولیس پر ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے ، اس سے قبل ملک کے دوسرے بڑے شہر سورابایا میں اتوار اور پیر کے روز ہونے والے خودکش حملوں میں 13حملہ آوروں سمیت 26 افراد مارے گئے تھے۔حملہ جزیرہ سماٹرا پر واقع ریانامی صوبے کے پولیس ہیڈکوارٹرز پر کیا گیا جس میں ایک وین میں سوار حملہ آوروں نے تیز رفتار گاڑی کو پولیس مرکز سے ٹکرادیا اور پھر تلوار کے ذریعے اہلکاروں پر حملہ کیا۔انڈونیشین پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔ ایک حملہ آور کو پکڑ لیا گیا۔
انڈونیشیا: داعش کا پولیس ہیڈکوارٹرز پر تلواروں سے حملہ‘ جھڑپ‘ اہلکار‘ 4 دہشت گرد مارے گئے
May 17, 2018