جلالپور پیر والا+ مٹھی (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے جلال پور پیر والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بیان پر بھارتی میڈیا میں خوشی کے شادیانے بجے، جب ممبئی حملہ ہوا میں اس وقت دہلی میں تھا۔ وزیر خارجہ کی حیثیت سے بھارت مذاکرات کے لیے گیا تھا۔ مجھے وہاں بتایا گیا کہ ممبئی حملہ ہو گیا ہے۔ آپ فوری طور پر پاکستان جائیں۔ میں نے کہا پاکستان بے قصور ہے۔ اس کی یہ پالیسی نہیں۔ فیصلہ کیا کہ اسلام آباد نہیں جا رہا ہے۔ یہاں بیٹھ کر پاکستان کا مقدمہ لڑوں گا۔ اسی دن دہلی پریس کلب جا کر ممبئی حملے پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔ وقت آ گیا کہ قیادت سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ پرانی سیاست دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ دریں اثناء تحریک انصاف مینارٹی ونگ سندھ کی جانب سے تھرپارکر شہر مٹھی میں پی ٹی آئی رہنما پردیپ مینگھوار کی سرپرستی میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا کنونشن میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ شاہ محمود حسین قریشی نے کہاکہ تھرپارکر ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں پچھلے دس سالوں سے پی پی کی حکومت رہی لیکن تھر میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا ہے ‘ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے تحفظ کی بات کی اور ہم اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ بھی کریں گے۔ تھر کے غریب عوام کو پی پی کے حکمرانوں نے کچھ نہیں دیا ہے لیکن ہم حکومت میں آ کر حقوق دلائیں گے۔
نواز شریف کے بیان سے بھارتی میڈیا پر خوشی کے شادیانے بجے: شاہ محمود
May 17, 2018