فیصل آباد/ قصور/ چشتیاں (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 2 نوجوانوں سمیت 3 افراد نے زہریلی گولیاں کھا کر اور پھندا لے کر خودکشی کر لی۔ فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں بیس سالہ طیب نے کپڑے کی دکان بنا رکھی تھی گزشتہ روز تشویشناک حالت میں بازار سے گھر آیا حالت غیر ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے الائیڈ ہسپتال ریفر کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگلنے سے نوجوان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ قصور کے نواحی علاقہ ٹھینگ شاہ میں 22 سالہ نوجوان محمد عقیل کا گھر والوں سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا، والدین نے اسے ڈانٹ دیا، محمد عقیل دلبرداشتہ ہو گیا، گھر میں موجود گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس تھانہ کھڈیاں خاص نے ضابطہ کی کارروائی مکمل کر لی۔ چشتیاں کے نواحی گائوں 102 فتح میںگھریلو ناچاقی، مالی مشکلات سے دلبرداشتہ 50سالہ محنت کش بشیر احمد نے درخت سے پھندا لے کر خود کشی کر لی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر تحصیل ہسپتال میں پہنچا دی۔ بعدازاں ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔