لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) شہرکے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس اے میں رفیق گھر گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر7لاکھ روپے، اقبال ٹاؤن میں افتخار کے گھر سے6 لاکھ روپے، فیصل ٹاؤن میں حمزہ کے گھر سے5لاکھ روپے، گجر پورہ میں رضوان کے گھر سے4لاکھ روپے، برکی میں عامر صدیق کے گھر سے 2لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان،مصطفی آباد میں سرفرازاور اس کی فیملی سے 3لاکھ روپے، گرین ٹاؤ ن میں شوکت اور اس کی فیملی سے 2لاکھ 50ہزار مالیت ،لیاقت آبادمیں حسنین اور اس کی فیملی سے 2لاکھ روپے مالیت ، کوٹ لکھپت میں احسان اور اس کی فیملی سے ایک لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون، شاہدرہ میں کاشف سے 40ہزار روپے موبائل فون ، گوالمنڈی میں احمد سے 30ہزار روپے اور موبائل فون ، ٹبی سٹی میں زین سے 20ہزار روپے اور موبائل فون ، قلعہ گجر سنگھ میں وحید سے 15ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے ۔چوروں نے ڈیفنس اور سمن آباد سے دو گاڑیاں جبکہ راوی روڈ ، نیو انارکلی ، گرین ٹاؤ ن ، برکی ، شیراکوٹ اورسول لائن کے علاقوں سے 6 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ مزید برآں گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جگنہ میں مبینہ پو لیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا ، پولیس نے ساتھی ڈاکو کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ، بتایا گیا کہ سیالکوٹ روڈ جگنہ کے قریب واقع نجی شاپنگ سنٹر میں دن دیہاڑے دو ڈاکو اندر داخل ہو گئے، لوٹ مار کے لئے تمام افراد کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا ، اس دوران باہر کھڑے شہریوں نے شاپنگ سنٹر کے اندر ڈاکوئوں کی موجودگی سے متعلق پولیس کو آگاہ کر دیا، پو لیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، ڈاکوئوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ڈاکو اسکے ساتھی کو حراست میں لے لیا، پو لیس نے زخمی کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مرنے والے ڈاکو کا نام ملک امتیاز سکنہ نارووال اس کے ساتھی کا ملک عدیل سکنہ راجکوٹ ہے۔