آئی ایس او کے تحت مر دہ باد امریکہ احتجاجی جلسہ
کراچی( نیوز رپورٹر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں ،بزرگوں ،خواتین نے شرکت کر کے امریکہ سے اظہار بیزاری کیا۔احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الحق، مرکزی رکن نظارت آئی ایس او پاکستان علامہ احمد اقبال، ہئیت آئمہ مساجد کے جنرل سیکرٹری علامہ باقر زیدی، شیعہ علما کونسل کے رہنما علامہ ناظر تقوی، علامہ صادق رضا تقوی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔شرکاہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ16 مئی وہ دن ہے کہ جب کرہ عرض پر انسانیت کے خلاف ایک بین الاقوامی سازش کو پروان چڑھایا گیااور استکباری طاقتوں نے اسرئیل کو وجود بخشتے ہوئے انبیاء کی سرزمین پر فلسطین میںبسنے والے مسلمانوں عیسائیوں اور یہودیوں پر عرصئہ حیات تنگ کردیا تھااور آج پھراسی تاریخ کوایک بار پھر دہرایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہ امریکہ کی جانب سے سفارتخانے کی یرو شلم (بیت المقدس) منتقلی قابل مذمت ہے ۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کراچی نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے تمام حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو پیدا کریں اور شیطان بزرگ، دشمن اسلام امریکہ اور اسکے حواریوں سے اظہار براٗت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکی ایماء پر اسرائیل فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا اور مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر مسلمان ممالک کے حکمران خاموش ہیں۔