اسلام آباد(خصوصی نمائندہ ) مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ 464 ادویات کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر چلی گئی ہیں اور اس حوالے سے وزیراعظم نے ادویات کی قیمتیں واپس اپنی اصلی حالت میں لانے کا حکم دیا ۔ مشیر صحت نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم نے جائزہ لینے کے بعد کچھ تجاویز کابینہ کے سامنے رکھیں، ہمارا پہلا فیصلہ جس کی کابینہ نے توثیق کی وہ یہ تھا کہ 464 میں سے جن ادویات کی قیمتیں 75 فیصد سے زیادہ بڑھائی گئی ان کو واپس 75 فیصد پر لایا جائے کیونکہ یہ ادویات انتہائی مہنگی ہیںجبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں اصلاحات کی جائیں گی ملک میں سستی ادویات کی تیاری کے عمل کو شروع کیا جائے گا، لاہور اور کراچی کی فارما انڈسڑی کے مالکان سے ملاقات کی جائے گی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ غریب افراد کے لئے قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔2018ء میں 464 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ بہت سی ادویات مارکیٹ سے غائب کردی گئیں جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر 2018ء کو 889 ادویات کو ایس آر او میں شامل کیا گیا جس کے تحت ادویات کی قیمتیں طے کی گئیں۔ 464 ادویات کی قیمتوں میں مناسب اضافہ کیا گیا، 395 کی قیمتوں میں کمی کی گئی جبکہ 30 ادویات ایسی تھیں جن کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادویہ ساز کمپنیاں پیر20 مئی 2019ء تک ادویات کی قیمتیں 75 فیصد تک لے آئیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ڈرگ کورٹ سے رابطہ کریں گے۔