لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی بلا مقابلہ چیئر پرسن منتخب ہو گئیں ۔ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سربراہ کے چنائو کے لئے اجلاس پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مسرت جمشید چیمہ ، ظفر اقبال، سعید اکبر خان،نوابزادہ و سیم خان بادو زئی، محمد علی رضا خان، مومنہ وحید اور رئیس نبیل سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مسرت جمشید چیمہ کو بلا مقابلہ چیئر پرسن منتخب کر لیا گیا جس کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم نے ایوان کی بالا دستی کیلئے کام کرنا ہے اور اس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔