اسلام آباد ( نوائے وقت رپو رٹ ) ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت سابق امیدوار قومی اسمبلی سرپرست اعلیٰ تحریک صوبہ پوٹھوار محمود مرزا جہلمی نے اپنے بیان میں کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے عرصہ 30 سال سے ہم بانی و چیئرمین تحریک صوبہ پوٹھوار ملک امریز حیدر کی قیادت میں صوبہ پوٹھوار کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ ہمیں مطلوبہ نتائج بھی حاصل ہو چکے ہیں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا و سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ پذیرائی تحریک صوبہ پوٹھوارکو حاصل ہے۔ چند شرپسند عناصر جنہوں نے ہمیشہ پوٹھوار کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا انہوں نے اس تحریک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ جب بھی صوبوں کی بات ہوتی ہے ارکان پارلیمنٹ جن کا تعلق پوٹھوار سے ہے سیاسی جماعت ان کی کوئی بھی ہو وہ چپ کا روزہ رکھ لیتے ہیں وہ نہیں بولتے۔ جہلم کے حقوق کے لیے وہ نہیں بولتے اہل پوٹھوار کے حقوق کے لئے جنوبی پنجاب ، سینٹرل پنجاب اور شمالی پنجاب حکومت نے 3 صوبوں میں زبانی طور پر پنجاب تقسیم کر دیا شمالی پنجاب ہے ہی خطہ پوٹھوار ان کو پوٹھوار لفظ کے ساتھ چڑھ ہے جیسے ان کے گھر کی تقسیم کی جا رہی ہو۔ اعلیٰ ایوانوں میں بیٹھے تمام اراکین پارلیمنٹ یاد رکھیں جنہوں نے پوٹھوارکی آواز بلند نہ کی وہ بے نشان ہو گئے تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بڑے بڑے سورما آئے پتہ ہی نہیں چلا کہاں گئے ہم ملک امریز حیدر کی قیادت میں متحد ہیں۔