راولپنڈی (جنرل رپورٹر)خان پور ڈیم کا پانی راولپنڈی شہر کی طلب پوری کرنے کے لئے ناکافی ہو چکا ہے اکثر پریشر ڈراپ ہو جا تا ہے جس کے حل کے لئے انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے بہت جلد اس مسئلہ پر قابو پایا جا سکے گا۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چکلالہ کنٹونمٹ بورڈ کی بورڈ میٹنگ میں کمانڈر برگیڈئیر شہزاد تنویر نے کیا،بورڈ میٹنگ کا انعقاد چکلالہ کینٹ بورد کی مین بلڈنگ میں کیا جس کی صدارت برگیڈئیر شہزاد تنویر نے کی ،میٹنگ میں سی او چکلالہ کینٹ بورڈ سید علی عرفان رضوی،نائب صدر چکلالہ کینٹ بورڈ راجہ عرفان امتیاز سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔بورڈ میٹنگ میں محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ،کچھ رہائشی و کمرشل پلاٹس کے نقشے منظور کئے گئے،راحیل شریف ڈینٹل میڈیکل کالج کے لئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظور ی دی گئی ہے،چکلالہ کینٹ کی طرف سے پروپوزل دیا گیا ہے کہ چھوٹے گھروں کے اوپر تیسری منزل پر ممٹی کی جگہ کمروں کی تعمیرات کی اجازت کی منظوری دی گئی ہے ،کمشنر کی طرف سے گرانٹ کو ایکسٹینشن دی گئی ہے ،زرائع کے مطابق کینٹ کے چھوٹے سکولوں کو لالہ زار سکول میں ضم کرنے پر بحث ہوئی جس میں اکثریت نے کہا کہ اگر وہ سکول یہاں شفٹ ہو جائیں تو دور دراز کے طلباء و والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ،کچھ ٹیوب ویلز خراب تھے جن کو فعال کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔