لندن (آئی این پی) کار ریسنگ کے کھیل میں بڑا نام کمانے والے برطانوی کھلاڑی لیوئس ہملٹن کو ملک کا سب سے زیادہ امیر ترین سپورٹس سٹار قرار دیدیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 35 سالہ لیوئس ہملٹن کی دولت میں 37 ملین پاؤنڈ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہملٹن کی دولت گزشتہ سال لگ بھگ 224 ملین پاؤنڈ تھی۔ برطانیہ کی 32 سالہ تاریخ میں انھیں سب سے امیر ترین سپورٹس مین قرار دیا گیا ہے۔امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں برطانیہ کے گالفر رورے میک لوری کا نام بھی شامل ہے جن کی دولت کا اندازہ 170 ملین پاؤنڈ لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ باکسر انتھونی جوشوا اور ریال میڈرڈ کے گریتھ بیل کا نام بھی اس میں شامل ہے۔برطانیہ کے امیر ترین 30 سال کی عمر سے کم نوجوان کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو گریتھ بیل 114 ملین پاؤنڈ، اینتھونی جوشوا، 107 ملین پاؤنڈ، پال پوبا 50 ملین پاؤنڈ، کیو ڈی برویائن اور ڈیوڈ ڈی گیا 34، 34 پاؤنڈ، رحیم سٹرلنگ 28 ملین پاؤنڈ، نگولو کینٹے 25 ملین پاؤنڈ، ہیری کین 24 ملین پاؤنڈ ڈینئل سٹریج 22 اور جورڈن ہینڈرسن 21 ملین پاؤنڈ کے مالک ہیں۔