کوہاٹ(این این آئی)پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ پکتیا میں طالبان اور افغان فورسزکے مابین جھڑپوں میں9طالبان اور8اہلکاروں سمیت 17افرادہلاک اور 14زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے ایک گاؤں میں مسجد میں تراویخ پڑھنے والے 12 افغان شہریوں کو پولیس کے شبہ میں اغواء کرلیا۔ افغان میڈیاکے مطابق طالبان نے صوبہ پکتیا کے علاقے میں ’مچل گو ‘ نامی زیر تعمیرڈیم پرقائم افغان فورسز کی پوسٹوں پر حملہ کرکے (8) اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اْتاردیا جبکہ 9 اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے پر افغان فورسز نے طالبان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے (9) طالبان کو ہلاک اور (5) دیگرکوزخمی کرنے کا دعویٰ کردیاہے۔دریں اثناء صوبہ پکتیا میں طالبان نے12 شہریوں کو اغواء کرلیا ۔ اس ضمن میںضلع سمکنی کے گورنر عبدالرحمن زرمتی نے افغان ٹی وی کو بتایا کہ طالبان نے ضلع سمکنی کے گاؤں مندوخیل میں ایک مسجد میں تراویخ پڑھنے کے وقت12 شہریوں اغواء کرلیا۔گورنر کے مطابق طالبان نے مغوی افراد کو پولیس میں کام کرنے کے شبہ میں اغواء کرلیالیکن وہ عام شہری ہیں۔ ان واقعات پر طالبان نے کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا ہے۔