اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے وزیر ریلویز شیخ رشید کی اس شیخی کہ ریلویز میں 24کروڑ لوگوں کی بکنگ ہو چکی ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدہوشوں کے ٹولے کو قوم پر مسلط کیا گیاہے۔ عمران خان نے جاپان اوار جرمنی کی سرحدیں ملائیں، شیخ رشید نے پاکستان کی آبادی بڑھا کر 24کروڑ لوگوں کو ٹرین کا مسافر بنا دیا ہے۔ قادر پٹیل نے کہا کہ قوم شیخ رشید کو سنجیدگی سے نہ لیں یہ حکومت کا فالتو پرزہ ہے۔ جب ملک کی آبادی 22کروڑ ہے تو 24کروڑ لوگوں نے ٹرین میں کیسے بکنگ کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب شیخ رشید نالہ لئی کے کنارے جہاز اڑاتے ہوئے نظر آئیںگے۔