کرونا سے بچا ؤکے اقدامات کے پیش نظر ٹائیگر فورس کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کورونا وائرس سے بچا ؤکے اقدامات کے پیش نظر ٹائیگر فورس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز ٹائیگر فورس کو باقاعدہ ٹریننگ کرائی گئی ہے۔ بازاروں اور دوکانوں پر سماجی فاصلوں سے متعلق جاری ایس او پیز پر عمل درآمد سمیت دیگر امور کے لئے بھی ٹائیگر فورس کو استعمال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ ٹائیگر فورس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ٹائیگر فورس کے ذریعے دوکانوں اور بازاروں میں ایس او پی پر عمل کرائیں گے،ٹائیگر فورس کے رضا کار ایس او پیز کی خلاف ورزی کو روکنے میں کردار ادا کریں گے اور خلاف ورزی پر کارروائیوں کے لئے بھی انتظامیہ کو آگاہ کریں گے علاوہ ازیں ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے پرائس کنٹرول اور راشن کی تقسیم سمیت دیگر کاموں کے لئے بھی خدمات لی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ رضا کاروں کی فورس دنیا کے کئی ممالک میں ہوتی ہے پاکستان میں بھی 70کی دہائی تک ہوتی تھی اب دوبارہ سلسلہ شروع ہوا ہے اور اس کے لئے رضا کاروں کو پبلک ڈیلنگ سمیت دیگر امور کے متعلق تربیت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں این جی اوز اور تاجروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو متحرک کیا ہے جس سے صورتحال میں بہتری کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن