لاہور ( وقائع نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پرنیب نے عدالت کو دونوں وزراء کے خلاف انکوائری تین ماہ مکمل کرنے کی یقین دہانی کروادی۔ جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل بخاری پیش ہوئے۔اور عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں ارکان اسمبلی کے خلاف تحقیقات کے لیے ریکارڈ اکٹھا کیا گیا ہے،تین ماہ میں انکوائرای مکمل کر لی جائے گی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مخدوم خسرو بختیار نے این اے 177 رحیم یار خان سے الیکشن لڑا، مخدوم ہاشم جواں بخت نے پی پی 259 رحیم یار خان سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔تاہم دونوں بھائیوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا، جبکہ مخدوم خسرو بختیار وفاقی وزیر اور ان کے بھائی مخدوم ہاشم جواں بخت صوبائی وِزیر ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ نیب ملتان کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دی، نیب کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔