پنجاب : ٹرانسپورٹ کرایوں میں 20فیصد کمی

لاہور(نیوزرپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عام آدمی کو سہولت دینے اور آمد و رفت کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے اورمسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے پٹرولیم کی مصنوعات میں خاطر خواہ کمی کی ہے اور حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے ہیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی سے عام آدمی کو بہت ریلیف ملے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس کو بھی کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تا ہم پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔ مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔ بسوں میں سینی ٹائزر ز رکھنے کی پابندی ہو گی اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ امیر لوگ تو گاڑیوں پر سفر کر رہے ہیں جبکہ غریب کی ٹرانسپورٹ بند ہے اور اسے آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے عام آدمی کی سفری مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انٹرسٹی و انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ بس اڈوں پر بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے جاری ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچنے کے بعد بس کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج وزیر اعلیٰ آفس میں کرونا کی روک تھام کے لئے قائم کابینہ کمیٹی کا خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بڑے شاپنگ مالزکو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاورلومز کو بھی کام کی اجازت دے دی گئی ہے، تا ہم اس ضمن میں محکمہ صنعت کو جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنا ہو ں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں اتوار کے روز عبادت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کا خطرہ ختم نہیں ہوا بلکہ ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے لیکن ہم نے اپنے لوگوں کو کرونا سے بھی بچانا ہے اور بھوک سے بھی شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14201 ہے اور اب تک پنجاب حکومت تقریبا ایک لاکھ 58 ہزار ٹیسٹ کر چکی ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران 5953 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں ہوم آئسو لیشن کی اجازت دی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عید کے حوالے سے علیحدہ حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس ضمن میں اگلے ہفتے حتمی پلان پیش کیا جائے۔ اجلاس میں کرونا وباء سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں کرونا وباء کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی غور کیا گیا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بازاروں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہورڈویڑن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری اطلاعات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت، عسکری حکام، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹری محنت، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ے کہ حکومت نے کرونا وباء کے تناظر میں کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ طورپر کئے گئے ہیں۔ سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے۔ عوام گھروں میں رہیں گے تو کرونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے اور یہی وجہ ہے کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔ کرونا کے خطرات بدستورموجود ہیں سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کرونا سے محفوظ رہیں گے۔ گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود اور دوسروں کو کرونا سے بچائیں۔ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔

ای پیپر دی نیشن