نیویارک (این این آئی)ماحولیاتی خطرات اور نقصانات سے متعلق ایک تازہ ترین تجزیاتی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ اس وقت دنیا میں جن سو شہروں کو شدید ترین خطرات لاحق ہیں، ان میں سے ننانوے براعظم ایشیا میں ہیں۔ماحولیاتی خطرات کے سب سے زیادہ شکار 100 شہروں کے بارے میں سامنے آنے والی اس تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر 400 شہروں اور لگ بھگ ڈیڑھ ارب کی انسانی آبادی کو شدید گرمی، انتہائی آلودہ ماحول، قدرتی آفات اور دیگر ماحولیاتی نقصانات کا سامنا ہے۔ ایسے خطرات سے دوچار شہروں میں سے 80 فیصد کا تعلق بھارت اور چین سے ہے۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطوں کے کئی ممالک اور شہر بھی شدید خطرات کی زد میں ہیں۔دنیا کے 400 بڑے شہروں کی کْل آبادی 1.5 بلین بنتی ہے۔ کراچی 12 ویں جبکہ لاہور 15 ویں نمبر پر ہے۔بھارت جنوبی ایشیا کا وہ ملک ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ خطرات سے دوچار 20 شہروں میں سے 13 شہر واقع ہیں۔ اس وجہ سے بھارت کا مستقبل انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ کاروباری خطرات کے تجزیہ کار ویرسک میپل کروفٹ کے مطابق 576 شہروں کے عالمی انڈکس میں نئی دہلی دوسرے نمبر پر ہے جس کے بعد بھارت ہی کا شہر چنئی تیسرے نمبر پر، آگرہ چھٹے، کانپور دسویں، جے پور 22 ویں اور لکھنؤ 24 ویں نمبر پر ہے۔ ممبئی اپنی ساڑھے بارہ ملین کی آبادی کے ساتھ اس فہرست میں 27 ویں نمبر پر ہے۔