اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلکن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے یکساں سوچ پر استوار، وسیع البنیاد اور جامع شراکت داری کا خواہاں ہے۔ امریکی ہم منصب کو وزیر اعظم عمران خان کے"نیا پاکستان وژن" کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اس وژن کا محور، قیام امن، ترقی میں شراکت داری اور علاقائی روابط کا فروغ ہے۔ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ افغان مسئلے کے دیرپا اور جامع سیاسی حل کی ذمہ داری افغانوں، اہم علاقائی و بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز پر مشترکہ طور پر عائد ہوتی ہے۔ افغانستان سے افواج کے ذمہ دارانہ انخلائ، تشدد کے واقعات میں کمی اور مکمل سیز فائر کی ضرورت پر زور دیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ وزیر خارجہ نے دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے سخت آئینی اقدامات سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے ان جرائم کی بیخ کنی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔