اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستان کے تمام مکاتب فکر و مذاہب کے ماننے والے متحد ہیں۔ حکومت پاکستان نے ہر سطح پر فلسطین کی صورتحال پر موثر کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے فلسطین کے مسئلہ پر موقف درست سمت قدم ہے۔ فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے مختلف مسالک و مذاہب کے قائدین کا اجلاس (آج)17 مئی کو لاہور وارث روڈ چرچ میں ہو گا۔ یہ بات انہوں نے مختلف مذاہب و مکاتب فکر کے قائدین سے رابطوں کے بعد اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج اجلاس متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے فلسطینی صدر اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کو فلسطین کے مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں اپنے مکمل تعاون کا کہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف عالمی قائدین اور برادر اسلامی ممالک کے سربراہان کے ساتھ فلسطین کے مسئلہ پر بات چیت کی ہے اور فلسطین کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے پاکستان کے ہر ممکن تعاون کا کہا ہے۔