اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین شہید محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی 5مئی کو جموں میں بھارتی حراست میں انتقال کرگئے تھے۔ محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں مجاہد اشرف صحرائی اور رشید اشرف صحرائی کو ہفتے کی شام کپوارہ پولیس نے سرینگر پولیس کے ساتھ ملکر سرینگر کے علاقے بلبل باغ برزلہ میں ان کے گھر سے گرفتارکیا۔ پارلیمانی کمیٹی نے اسلام آباد میں ایک ٹویٹ میں کہا کہ کیا اشرف صحرائی کا دوران حراست قتل کافی نہیں تھا کہ بھارتی پولیس نے ان کے دو بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔ٹویٹ میں کہاگیا کہ اشرف صحرائی اپنے پورے خاندان کے واحد کفیل تھے۔ ٹویٹ میں کہاگیا کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں کو خاموش کرانا چاہتی ہے لیکن وہ ناکام ہوکر رہے گی۔
پارلیمانی کمیٹی کی شہید محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں کی گرفتاری کی شدید مذمت
May 17, 2021