سمندری طوفان کے پاکستانی ساحل سے ٹکرانے کا خطرہ ٹل گیا

May 17, 2021

 اسلام آباد (صلاح الدین خان) بھارتی ساحل سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ’’تائوتے‘‘کے پاکستانی ساحل سے ٹکرانے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان دور ہونے کے باعث کراچی میں بارش کا خطرہ کم ہو گیا ہے۔ تاہم گرم ہوائوں کے باعث لو کی صورتحال رہے گی۔ شہر میں25 سے30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے ساحلی پٹی پر 20مئی تک شدید بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب مشرق میں1210 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور طوفان پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہو کر گزرے گا۔ طوفان کے باعث کیٹی بندر اور ساحلی پٹی پر موسم تبدیل ہو گیا ہے۔ ٹھٹھہ اور گردونواح میں تیز ہواں کے ساتھ مٹی کے طوفان نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ٹھٹھہ، بدین، تھر، میرپور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں بارشیں ہو سکتی ہیں اور اس دوران ہواں کی رفتار60 سے80 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ سمندری طوفان تائوتے بھارت کے ساحلوں سے ٹکراتا ہوا پاکستانی سمندر کے قریب سے گزرے گا۔ سندھ کی ساحلی پٹی پر18 سے20 مئی تک آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ حیدرآباد میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں