اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین سمیت بیگناہ شہریوں کے قتل عام اور عید کو فرش ماتم میں تبدیل کرنے کی اسرائیلی بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے صیہونی فرعونیت پر عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کو مسلم قیادتوں کی بڑی آزمائش قراردیا ہے ،اگر اسرائیل کی وحشیانہ کاروائیاں بند نہ کروائی گئیں تو پوری دنیا میدان جنگ کا منظر پیش کرسکتی ہے لہذا عالمی ادارے موجودہ نازک صورتحال میں اپنا فوری کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ٹی این ایف جے کی عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کمیٹی کے اہم اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاجسکی صدارت مرکزی کنوینر الحاج غلام مرتضیٰ چوہان نے کی۔اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن سمیت تمام صوبوں میں 8شوال کو قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی کال پر ہونیوالے احتجاجی ماتمی جلوسوں ،ریلیوں اور پر امن ماتمی مظاہروں کو مظلوم فلسطینیوں اور شہدا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ شجاعت بخاری نے اپنے خطاب میںفلسطین میں جاری اسرائیلی وحشت و بربریت اورمسلم حکمرانوں اور عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کو مسلم دشمنی سے تعبیر کرتے ہوئے عالمی اداروںاور مسلم حکمران پر زوردیا کہ وہ مقامات مقدسہ کی حرمت یقینی بنائیں ۔انہوں نے باورکرایا کہ اگرجنت البقیع اور جنت المعلیٰ میںعرصہ دراز سے مسمار شدہ مزاراتِ قدسیہ کی عظمت رفتہ بحال کرادی جاتی تو فلسطین و کشمیر میں خون مسلم کی ارزانی نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں استعماری پشت پناہی پر جاری اسرائیلی بربریت بین الاقوامی المیہ ہے جسکے خلاف پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔مرکزی کنوینر الحاج غلام مرتضیٰ چوہان نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8شوال کو ملک گیر ماتمی احتجاجی جلوسوں ،ریلیوں میں پاکیزہ ہستیوں کے مزارات کے انہدام اورغزہ اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف پرزوراحتجاج ہوگا۔