کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے برساتی نالوں کی صفائی اور تمام امور کی بروقت تکمیل کے لئے کمیٹی تشکیل کردی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن کا باقاعدہ اجرا بھی کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ وزیر اعلی سندھ کی سربراہی میں منعقد کردہ گزشتہ کیبنٹ میٹنگ میں کئے گئے فیصلے کے مطابق KMC کے اکتالیس اور ڈی ایم سیز کے 514 نالوں کی صفائی کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے اور اراکین کمیٹی کو باقاعدہ طور پر نوٹیفائی بھی کردیا گیا ہے۔نجم احمد شاہ نے بتایا کہ کمیٹی نالوں کی صفائی کے عمل کی بروقت شفاف انداز سے تکمیل کے عمل کی نگرانی کرے گی اور سارے پراسس کے دوران فعال انداز سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے گی، جس کے تحت خریداری کے عمل کو قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے گا، کنٹریکٹرز کے انتخاب کا عمل مکمل کیا جائے گا، خریداری کے عمل کی گراس لیول سے لیکر کر ڈلیوری تک جانچ کی جائے گی، نالوں سے نکالے جانے والے سلٹ کی پیمائش اور لینڈ فل سائٹ منتقلی تک کے تمام مراحل کی آبرویشن کے لئے کنسلٹنٹ فرمز کا انتخاب کیا جائے گا، پراجیکٹ کی کامیابی کے لئے افسران کا انتخاب عمل میں لائے گی، مکمل کام کی تکمیل کے بعد ٹھیکداروں کو رقم کی ادائیگی کے لئے سفارشات مرتب کرے گی اور سارے پراسس میں ایس او پیز کے تحت مراحل کی انجام دہی یقینی بنائے گی۔سیکرٹری بلدیات سندھ نے مزید بتایا کہ کمیٹی کے تمام فیصلوں میں اراکین کی دو تہائی اکثریت کا فیصلہ ہی درست مانا جائے گا اور منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لئے کمیٹی کسی بھی شخص کی شمولیت کی سفارش کرسکتی ہے۔
محلمہ بلدیات نے برساتی نالوں اور انتظامی امور کی نگرانی کے لئے کیمٹی بنا دی
May 17, 2021