آر پی او گوجرانوالہ ‘ڈی پی اوکی شہید کانسٹیبل کے لواحقین سے تعزیت

May 17, 2021

حافظ آباد+ پنڈی بھٹیاں(نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) آر پی او گوجرانوالہ رائو عبدالکریم اور ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر رضوان احمد خاںایک مذہبی تنظیم کے کارکنان کے تشدد سے شہید ہونے والے کانسٹیبل دلبر رزاق کے گھر گئے اور شہید کانسٹیبل کے لواحقین سے تعزیت کی اور شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے شہید کے اہلخانہ کو عید کی مبارکباد دی اور تحائف پیش کیے-آرپی او گوجرانوالہ رائو عبدالکریم کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ شہید کانسٹیبل دلبر رزاق نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام کے جان ، مال و عزت کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے کہا کہ شہید کا رتبہ بے مثال ہے اورپیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ دینے والے ایسے جانبازوں نے ہی ہر موقع پر پنجاب پولیس کو سرخرو کیا ہے۔

مزیدخبریں