اسلام آباد: افغان سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کیا گیا۔ پاکستان نے افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی طرف سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات مسترد کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی طرف سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات مسترد کر دیے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں افغانستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے تحفظات سے آگاہ کیا گیا،پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بے بنیاد الزامات سے اعتماد میں کمی واقع ہوتی ہے اورافغان قیادت کے بیانات سے دونوں برادر ممالک کے مابین ماحول خراب ہو سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی جیسے فورمز کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
واضح رہے کہ افغان مشیر قومی سلامتی حمد اللہ محب نے پشتونوں سےمتعلق ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ پشتون قبائل پاکستان سے خوش نہیں، پشتونوں نے بغاوت کر دی ہے۔بلوچ بھی اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں اور جنہوں نے بھارت میں اپنی جائیدادیں چھوڑیں اور پاکستان میں قیام اختیار کیا انہیں مہاجر بلایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سیکیورٹی فورسز جانتی ہیں کہ وہ کس کے لیے اور کس سے لڑ رہے ہیں، اس ہمسائے کے خلاف جس کی کوئی عزت و وقار نہیں ہے۔