زرداری کیخلاف اپیلوں میں نیب کو آخری موقع ، پیروی میں دلچسپی ہی نہیں : جسٹس اطہر 

May 17, 2022


اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ میں زیر سماعت  زرداری کی نیب ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیلوں میں ایک بار پھر نیب کی طرف سے دلائل کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کر دی گئی۔ نیب نے گزشتہ سماعت پر عدالت کی جانب سے آخری مہلت ملنے کے باوجود ایک بار پھر التواء کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ایک ایشو یہ ہے کہ دو اپیلوں میں پراسیکیوٹر ہی دستیاب نہیں، ایک پراسیکیوٹر سروس میں نہیں رہے اور دوسرے کا ٹرانسفر ہو گیا ہے۔ چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ نے پندرہ نومبر 2021ء کا آرڈر دیکھا ہے؟ عدالت نے کیا کہا تھا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آج پیش ہوکر التواء کی درخواست کرنے کا کہا گیا ہے۔  چیف جسٹس  نے کہا کہ کیا آپ ان اپیلوں کی پیروی میں دلچسپی نہیں رکھتے؟۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ایسی بات نہیں اپیلوں پر پیروی چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے فیصلہ پڑھا ہے؟ اگر وہ پڑھتے تو شاید اپیلیں ہی نہ دائر کرتے۔ آخری موقع دیا جا رہا ہے ورنہ یہ تصور کیا جائے گا کہ آپ اپیلیں چلانے میں سنجیدہ نہیں۔ عدالت نے بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں