اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ گذشتہ اٹھارہ ماہ میں امریکہ کے تعاون سے پاکستانی سٹارٹ اپس نے نصف ارب ڈالر کمایا ہے۔ پاکستان میں بے شمار معاشی مواقع موجود ہیں۔ بائیس کروڑ آبادی کی صارف مارکیٹ، بڑھتا ہوا متوسط طبقہ مڈل کلاس اور نوجوان آبادی کی بدولت پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی ربط سازی کنیکٹیویٹی کا حب بن رہا ہے۔ ٹیکنالوجی حب کے حوالے سے معروف اور امریکہ سلیکون ویلی کے سب سے بڑے شہر سین جوز کیلفورنیا میں "انویسٹ ان پاکستان"فورم کا انعقاد ہوا۔ سمٹ میں 150سے زائد شرکا، پاکستانی کی 09سرفہرست سٹارٹ اپس، امریکی سرمایہ کاروں اور آئی ٹی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے شرکت کی۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے انویسٹ ان پاکستان سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سمٹ میں شریک پاکستان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے سمٹ کے انعقاد، آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر میں پاکستانی پوٹینشل کو اجاگر کرنے پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ پاکستان میں بے شمار معاشی مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کاروبار میں آسانیوں اور سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے شرکا کو بریفنگ دی۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے کمرشل اور کاروباری امور کے خصوصی نمائندے دلاور سید نے ان اقدامات کو سراہا۔